نئی دہلی، یکم اکتوبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )وزیر خزانہ ارون جیٹلی ہفتہ کو پریس کانفرنس میں گھریلو آمدنی اعلان اسکیم (آئی ڈ ی ایس )کے تحت لوگوں کی طرف سے اعلان کردہ بلیک منی کی معلومات دی۔انہوں نے بتایا کہ اس سال چار ماہ میں 64275لوگوں نے 65250کروڑ کی غیر اعلانیہ جائیداد کی معلومات دی ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹیکس چوری روکنے کے لیے حکومت نے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ٹیکس چوری کرنے والوں سے محکمہ انکم ٹیکس کو 16ہزار کروڑ روپے ملے ہیں۔سینٹرل ڈائریکٹ ٹیکس بورڈ (سی بی ڈی ٹی )نے چیف انکم ٹیکس کمشنر کو 30؍ستمبر کو آدھی رات تک کاؤنٹر کھولنے کی ہدایت دی تھی تاکہ گھریلو آمدنی اعلان اسکیم (آئی ڈی ایس )کے تحت لوگوں کو اپنی غیر اعلانیہ دولت کا اعلان کرنے میں سہولت ہو۔اعلان کے آخری دن کابینہ سکریٹریٹ کے نارتھ بلاک میں واقع سی بی ڈی ٹی کے آفس میں دیر رات تک کام چلتا رہا۔مقررہ میعاد ختم ہونے سے دو گھنٹے پہلے ہی ملازم اعلان کردہ بلیک منی کے تجزیہ میں مصروف ہو گئے تھے۔سی بی ڈی ٹی چیف رانی سنگھ نائر اور ریونیو سکریٹری ہنس مکھ ادھیا کی ہدایت میں 4 ماہ میں اعلان کی گئی بلیک منی کی تشخیص کے لیے دہلی اور ممبئی کے سینئر انکم ٹیکس افسران آدھی رات کے بعد تک کام کرتے رہے۔اس اسکیم کو لے کر خدشہ تھا کہ کیا اس بار 1997میں ایچ ڈی دیوگوڑا کی حکومت کے دور میں وزیر خزانہ پی چدمبرم کی طرف سے چلائی گئی گھریلو آمدنی اعلان اسکیم کے تحت اعلان کئے گئے 33ہزار کروڑ روپے کا ہندسہ پار ہو سکے گا۔اس دوران چار لاکھ سے زیادہ لوگوں نے اپنی بے حساب جائیداد کی تفصیلات دی تھی۔اس کے مقابلے میں گزشتہ سال بیرون ملک میں جمع بلیک منی کے طور پر صرف 4164کروڑ روپے کا اعلان ہوا تھا، جس سے ٹیکس کے طور پر صرف 2428کروڑ روپے کی وصولی ہوپائی تھی۔